پشاور(وقائع نگار)نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے احکامات کی روشنی میں پشاور بھر میں کورونا ویکسینیشن چیکنگ کا عمل زور و شور سے جاری ہے اور انتظامی افسران بازاروں کا معائنہ کر تے ہوئے کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی ہدایت پر انتظامی افسران نے پیر کے روز اندرونِ شہربازاروں،چارسدہ روڈ، جی ٹی روڈ، رنگ روڈ، کوہاٹ روڈ، یونیورسٹی روڈ،،چمکنی، حیات آباد اور دیگر علاقوں میں کاروباری مراکز کا دورہ کیا۔ انتظامی افسران نے بازاروں میں کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ چیک کیے اور بازاروں و دیگر کاروباری مراکزمیں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمدیقینی کو بھی یقینی بنایا۔کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی / سٹاف کی کورونا ویکسینیشن نہ کروانے پر پشاور کے مختلف علاقوں سے57 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ان گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ چیک کرنے کا حکم دیا ہے اور ویکسینیشن نہ کروانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔انھوں نے تاجر برادری اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ جلد از جلد خود کو، اپنے سٹاف اور فیملی ممبران کو کورونا ویکسین لگوائیں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔