لاہور(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ مری کی اعلی سطح پر تحقیقات کی جائے، ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے مری میں پھنسے ہوئے سیاحوں کی ہلاکت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔مسلم لیگی قائدین نے کہا اتنی بڑی تعداد میں لوگ مری کا رخ کر رہے ہیں انتظامیہ کو پتہ ہونا چاہئے تھا کہ وہاں حفاظتی اور ٹریفک کے انتظامات کیلئے کن اقدامات کی ضرورت ہے ، یہ بڑا المیہ ہے کہ برفباری انجوائے کرنے والے افراد شدید برفباری اور ٹریفک کی بدترین صورتحال کے باعث اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔