• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی کبڈی چیمپئن شپ کے فائنل میں پوائنٹ کا تنازع

لاہور (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل، ایجنسی) پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں قومی کبڈی چیمپئن شپ کے فائنل میں اس وقت پوائنٹ کا تنازع پیدا ہوگیاجب انتظامیہ نےپاکستان واپڈا کی ٹیم کوفاتح قرار دیدیا۔ پاکستان ایئرفورس کی ٹیم نے پوائنٹ کے تنازع پرآخری لمحات میں فیصلہ ماننے سے انکارکردیا۔شائقین جنگلے توڑ کر گرائونڈ میںگھس آئے۔ مہمان خصوصی وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب بدنظمی کے باعث انعامات تقسیم کئے بغیر ہی لوٹ گئے۔بالآخر ریفری نے دونوں ٹیموں پاکستان ایئرفورس اور واپڈا کو مشترکہ طورپر فاتح قرار دیدیا۔وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو سپورٹس سے منسلک کررہے ہیں۔پنجاب میں کھیلوں کا بجٹ 6ارب روپے کردیا ہے۔اتوار کے روز پنجاب سٹیڈیم میں 22 ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن پی اے ایف اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا فائنل سنسنی خیز رہا۔شائقین کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں موجود تھی اور ایک موقع پر میدان کے اندر داخل بھی ہو گئی۔ہاف ٹائم پر واپڈا کو 8 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی سخت مقابلہ ہوا ، کھیل کے اختتام سے چند لمحات پہلے جب میچ 46-46 سے برابر تھا تو ایک پوائنٹ واپڈا کو ملا تو حریف ٹیم نے اسے ماننے سے انکار کیا اور احتجاج کیا جس کے باعث میچ خاصی دیر رکا رہا۔

اہم خبریں سے مزید