پشاور (نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کا جنرل باڈی اجلاس جرگہ ہال میں زیر صدارت سپیشل سیکرٹری و صدر امجد علی خان ہوا جس میںقانونی معاونت کے لئے کوآپریٹیو ڈیپارٹمنٹ کے رجسٹرار میاں کمال شاہ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ممبران کی متفقہ رائے پر خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی پشاور کے لئے بائی لاز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں باہمی مشاورت ممبران سوسائٹی نے سوسائٹی کے لئے بنک اکائونٹ کھولنے‘ فیس بک آفیشل پیج بنانے‘ ممبرشپ کا طریقہ کار بنانے‘ رہائشی منصوبے کے لئے جگہ کے انتخاب اور ممبران کو پلاٹ الاٹمنٹ کا اختیار دے دیا۔ صدر امجد علی خان نے واضح کیا کہ تمام ریٹائر ملازمین یا دوران سروس فوت شدہ ملازمین کے ورثاء کو ان کے کوٹے یا گریڈ کے مطابق پلاٹ الاٹ کئے جائینگے۔بائی لاز کے بعد سوسائٹی کے تمام امور کے لئے رولز آف بزنس تیار کئے جائینگے جس میں تمام مسائل کا احاطہ کیا جائیگا۔