لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکو سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی گئی‘15افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیاگیا ہے ۔ان میں کمشنر راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی‘سی پی او‘اے سی مری اوردیگر افسران شامل ہیں۔
وزیراعلی عثمان بزدارنے پریس کانفرنس میں بتایا کہ قوم سے سانحہ کی شفاف انکوائری اورذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیاتھا‘میں نے جو وعدہ کیا پورا کیا۔انکوائری کمیٹی کی سفارشات میں 15افسروں کو عہدوں سے ہٹا کرکارروائی کی جارہی ہے۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو عہدے سے ہٹاکر وفاقی حکومت کو بھیج دیاگیا ہے اورانہیں معطل کرنے کی سفارش بھی کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئی ہیں اور انہیں معطل کرنے اورانضباطی کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
اے سی مری کو معطل کر کے انضباطی کارروائی کاحکم دیاگیا ہے۔سی پی او راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاقی حکومت کے سپرد کرکے معطل کرنے اورانضباطی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ۔
اے ایس پی مری کو عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات بھی وفاقی حکومت کے سپرد کردی گئی ہے ۔ انہیں معطل کرنے اورانضباطی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
سی ٹی او راولپنڈی،ڈی ایس پی ٹریفک،ایس ای ہائی ویز سرکل ٹو راولپنڈی،ایکسین ہائی وے راولپنڈی،ایکسین ہائی وے میکینکل راولپنڈی،ایس ڈی او ہائی وے میکینکل مری، ڈویژنل فارسٹ آفیسر مری، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری،انچار ج مری ریسکیو 1122، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے پنجاب کو بھی معطل کردیاگیا ہے اوران کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دے دیاگیا ہے۔