عظمٰی صدیقی
کبھی کبھار دیسی کھانوں سے ہٹ کر کچھ منفرد بنانے کو دل چاہتا ہے، اس ہفتے ہم آپ کو چکن کے کچھ پکوان کی ترکیب بتا رہے ہیں ، انہیں آپ دعوتوں اور شام کی چائے کے ساتھ بھی بنا سکتی ہیں۔ بنا کر خود بھی مزے سے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں ۔
بیکڈ چکن بنز
اجزا: سادے بن حسب ضرورت، چکن ایک پائو، نمک حسب ذائقہ،پسا ہوا لہسن ایک چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد، میدہ ایک کھانے کا چمچہ، چکن پاوٴڈر ایک چائے کا چمچہ، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، فریش کریم آدھی پیالی، چیڈر چیز آدھی پیالی، کوکنگ آئل حسب ضرورت۔
ترکیب: چکن کو نمک ،کالی مرچ ، لہسن اور چکن پاؤڈر کے ساتھ اُبال کر گلالیں او ر آدھی پیالی یخنی کو محفوظ کر لیں۔ دو کھانے کے چمچے کو کنگ آئل میں چو پ کی ہوئی پیاز کو ہلکی سی فرائی کریں، پھر اس میں میدہ ڈال کر بھونیں۔
تھوڑی تھوڑی کر کے یخنی اور کریم شامل کریں اور مکسچر گاڑھا ہونے پر اس میں ریشے کی ہوئی چکن اور کدو کش کی ہوئی چیز ڈال کراچھی طر ح یک جا کرلیں ،پھر چولہا بند کردیں۔ بن کو اوپر سے کاٹ کر تھوڑا سا بیج کا حصہ نکال لیں اور اس میں چکن کا مکسچر بھر دیں۔ گرم کیے ہوئے اوون میں چکنی کی ہوئی بیکنگ ٹرے میں تیار کیے ہوئے بنز رکھ کرچیز پگھلنے تک بیک کریں۔صبح ناشتے میں یا شام کی چائے کے ساتھ نوش کریں۔
چکن بریڈ کونز
اجزا :چکن بریسٹ ایک عدد، ڈبل روٹی کے سلائسز دس سے بارہ عدد ،نمک حسب ذائقہ ،تکہ مسالہ ایک کھانے کا چمچہ، لیموں کا رس ایک کھانے کاچمچہ، انڈے دو عدد ،ڈبل روٹی کا چورا حسب ضرورت ،کوکنگ آئل حسب ضرورت
ترکیب: چکن بریسٹ کو صاف دھو کر اس کے پارچے کاٹ لیں اور انہیں تکہ مسالہ، نمک، لیموں کا رس اور دو کھانے کے چمچے کوکنگ آئل سے میرینیٹ کرکے رکھ دیں، پھر میرینیٹ کئے ہوئے پارچوں کو فرائنگ پین میں پہلے تیز آنچ پر فرائی کریں، پھر ہلکی آنچ کرکے ڈھک کر اتنی دیر رکھیں کہ یہ مکمل گل جائے۔ چولہے سے اتار کر اس کے ریشے کرلیں۔
ڈبل روٹی کے سلائسز کے کنارے کاٹ کر اور سلائسز کو بیلن سے بیل کر چپٹا کر لیں، سلائس کو ہاتھ میں اٹھا کر کون کی طرح فولڈ کر لیں اور ہلکا سا پانی لگاتے ہوئے اچھی طرح چپکا دیں، پھر اس میں ایک کھانے کا چمچ چکن کا مکسچر ڈال کر اسے کناروں پر پانی لگاتے ہوئے بند کر دیں۔
اسی طر ح دوسری کون بھی تیار کریں اور انہیں پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبوئیں، پھر ڈبل روٹی کے چورے میں رول کرکے کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ تھوڑی دیر گرم تیل میں ان بریڈ کونز کو سنہری فرائی کرلیں۔
ایرانی خاص چکن
اجزا: چکن ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچہ، پیاز تلی ہوئی آدھی پیالی ،پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچہ ،دہی ایک پیا لی ، فریش کریم آدھی پیالی بادام دس سے بارہ عدد،چھوٹی الائچی تین سے چار عدد، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے،کیو ڑہ ایسنس چند قطرے کوکنگ آئل آدھی پیالی۔
ترکیب: چکن کو صاف دھو کر رکھ لیں، بادام اورا لائچی کو گرا ئنڈر میں باریک پیس لیں۔ فرائی پین میں تیل گرم کریں اور اس میں ادرک لہسن اور چکن ڈال کر تیز آنچ پر اتنی دیر فرائی کریں کہ چکن سنہری ہو جائے ،پھر اس میں نمک، لال مرچ، پھینٹی ہوئی دہی ،تلی ہوئی پیاز اور پسے ہوئے بادام ڈال کر درمیانی آنچ پر دس سے پندرہ منٹ تک پکائیں۔
آخر میں فریش کریم ،کیوڑہ ،لیموں کا رس اور پسی ہوئی الائچی ڈال کر ہلکی آنچ پر پانچ سے سات منٹ دم پر رکھ دیں۔ گرم گرم نان کے ساتھ نوش کریں۔