لاڑکانہ(این این آئی، جنگ نیوز)وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں لاڑکانہ میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ اور احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی تھی، کسان ہمارا ساتھ دیں، ہم نالائق و نااہل حکومت کو ایکسپوز کرینگے، زرعی معیشت کو بچائینگے اور عمران کو بھگائینگے۔جبکہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کسان بے حس، گونگی بہری حکومت کیخلاف نکل آئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی نے ٹریکٹر ٹرالی مارچ اور احتجاجی دھرنا دیا۔لاڑکانہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔لاڑکانہ میں وزیر اعلی سندھ کی قیادت میں احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ لاڑکانہ ڈویژن کے تمام اضلاع سے ٹریکٹر ٹرالیز پر آئے کاشتکار اور پیپلزپارٹی کارکنان قافلوں کی صورت میں لاڑکانہ کے مری چوک پر جمع ہوئے جہاں وزیر اعلی سندھ نے احتجاج میں شرکت کی اور بیل گاڑی پر بیٹھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب میں وزیراعلی سندھ نے کہاکہ ہزاروں کی تعداد میں کسان بلاول زرداری کی دعوت پر بے حس گونگی بہری حکومت کے خلاف نکل آئے ہیں۔ حکومت کو نیند سے جگانا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت میں کسان کیلئے گندم کی قیمت ساڑھے چھ سو سے ساڑھے نوسو من مقرر کی جبکہ انکی حکومت نے کسان سے کم قیمت میں گندم خرید کر باہر کے ملک مہنگی بیچ دی۔انہوں نے کہاکہ یوریا میں ہمارا صوبہ خود کفیل ہے جو نیچرل گیس سے بنتی ہے لیکن یہاں بحران پیدا کیا گیا۔