اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا کیس براہ راست نشر کیا جائے، 18ویں ترمیم کے مطابق اضلاع کو اختیارات منتقل نہیں کئے گے،ن لیگ ”خرید لو یا ڈرا لو” کے موٹو پر کام کر رہی ہے، ن لیگ اور پی پی پی نے جعلی اکائونٹس کا نیٹ ورک تشکیل دیا، ملک مقصود، منظور پاپڑ والا اور مشتاق چینی والا کے ناموں سے اربوں روپے کی ٹی ٹیز شہباز شریف اور ان کے بچوں کے اکائونٹس میں گئیں، تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا شخص کہتا ہے کہ اس کے بچوں پر پاکستان کا قانون ہی لاگو نہیں ہوتا، نواز شریف اپنے عالیشان محلات میں ملاقاتیں کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ان کا گھر ہی نہیں۔ شہباز شریف جب وزیراعلیٰ بنے تو انہوں نے مقامی حکومتوں کا نظام ختم کر کے وسائل اپنے پاس رکھ لئے، سارا پیسہ شہباز شریف اینڈ کمپنی اپنے اکائونٹس میں جمع کرواتی رہی، عدلیہ سے اپیل ہے کہ شہباز شریف کے کیسز کی سماعت عوام کو براہ راست دکھائی جائے۔