پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مردان کے علاقے گلی باغ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری سے بچوں کے لئے تیار کیا جانے والا 5 ہزار لٹر سے زائد مضر صحت جوس برآمد کرلیا۔ یونٹ میں جوس کی تیاری میں شکرین اور مضر صحت کیمکلز کا استعمال کیا جارہا تھا۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران مضر صحت جوس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔ یونٹ میں ناقص جوس گندے ڈرمز میں تیار کیا جارہا تھا، جبکہ صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی۔ جوس ساشے میں پیک کرکے مارکیٹ میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ کارروائی میں پیک شدہ جوس ضبط کیا گیا، جبکہ ڈرمز میں سٹور کئے گئے جوس کو موقع پر تلف کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جوس کے پیکٹس بچوں کی فروخت کے لئے مارکیٹ میں سپلائی کئے جاتے تھے، جس سے مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ تھا۔ ۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی بچوں کے لئے مضر صحت جوس کی تیاری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی جانب سے دیگر اضلاع میں بھی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ضلع ہنگو کے علاقے ٹل میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔۔ کارروائی کے دوران دکاندار پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ دیر لوئر میں ایک بیکری کو صفائی کے ناقص صورتحال اور کواشنگ پاؤڈرے استعمال کرنے پرپر سیل کرکے مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کر دیاگیا جبکہ ایک اور بیکری کو نان فوڈگریڈ کیمکل کے استعمال پر بھاری جرمانہ کیا گیا۔ جبکہ کئی دیگر کو بہتری کے لئے نوٹسز جاری کئے گئے