پشاور(وقائع نگار) یونین کونسل بھانہ ماڑی اوراہلیان کوہاٹ روڈپشاور نے کیپٹل میٹروپولیٹن پشاور سٹی کے نومنتخب میئرزبیرعلی کے اعزاز میں ایک پروقار عشایئے کا اہتمام کیا، اہلیان علاقہ نے زبیرعلی اور حاجی غلام علی کی گرم جوشی سے استقبال کرتے ہوئے ان پرپھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ہار پہنائے۔عشائیے میں مفتی محمد قاسم بجلی گھر، مفتی آمین، جے یوآئی رہنماء ارباب فاروق جان، حاجی بشیراللہ، شاکر اللہ، افتخار،شہزاد، نومنتخب کونسلروں اور معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے زبیرعلی، حاجی غلام علی نے خطاب کرتے ہوئے میں اہل پشاور کا شکریہ ادا کرتاہوں کہ جنہوں نے مجھے منتخب کرکے پشاور کی تعمیروترقی کا موقع دیا، پشاور کو بہت سارے مسائل ومشکلات کا سامنا ہے۔ جس میں خصوصاََ ٹریفک مسائل، نکاسی آب، صاف پانی فراہمی، تعلیم، روزگار اور صحت عامہ جیسے مسائل درپیش ہیں جس کو حل کرنا فرد واحد کا کام نہیں جس کاحل اجتماعیت کے ذریعے نکالیں گے اور نوجوانوں اور بزرگوں سے اپیل کرتاہوں جس طرح الیکشن میں ساتھ دے کر منتخب کیا اسی طرح پشاور کی تعمیر وترقی میں مثبت تجاویز دے کر پشاور کو مسائل ومشکلات سے نکالنے میں ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایم ایز سیکٹر سے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی کوشش کروں گا اور پشاور میں صحت، تعلیم، نکاسی آب، ٹریفک مسائل اور صافی پانی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ پشاورکو آئس نشے سے پاک کرنے میں نواجوان ساتھ دے کرآئس نشے سے اپنی زندگی برباد کرنے کی بجائے تعلیم پر توجہ دیں اور علماء کرام کے ساتھ بیٹھ کردینی تعلیم و علم حاصل کریں۔ انہوں نے کہاکہ پشاور کی تعمیر وترقی میں تمام مکاتب فکر کو ساتھ لے کر باہمی صلاح ومشورے سے ترقیاتی کام کا آغاز کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ ترقیاتی فنڈ بلدیاتی منتخب نمائندوں کے ذریعے خرچ کرینگے،شہری بھی ترقیاتی کام کے معیار پر نظر رکھیں اور جہاں کہیں بھی غیر معیاری کام ہورہاہے اس کی نشاندہی کریں تاکہ ملک کے وسائل کے سوفیصد ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔