• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران ٹرانسپیرنسی رپورٹس کا حوالہ دیکر مخالفین پر تنقید کرتے تھے، تجزیہ کار


کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عمران خان اپوزیشن میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹوں کا حوالہ دے کر مخالفین پر تنقید کرتے تھے ، پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے حکومت کو کوئی بڑی مشکل نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی کیلئے سب سے بڑا چیلنج لانگ مارچ کیلئے لوگ اکٹھے کرنا ہے۔ ان خیالات کااظہار تجزیہ کاروں ارشاد بھٹی ، حسن نثار ، محمل سرفراز اور مظہر عباس نے کیا۔ جیو نیوز کے پروگرام ’رپورٹ کارڈ‘ میں میزبان سارہ الیاس کے پہلے سوال کرپشن میں اضافہ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ درست ہے یا حکومت ؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشا د بھٹی نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹوں کا حوالہ دے کر مخالفین پر تنقید کرتے تھے ، واقعی یہ تاثر ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، بلاتفریق حکومتی اور اپوزیشن سمیت سب نے دیہاڑیاں لگائی ہیں۔ حسن نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بچہ بچہ جانتا ہے کہ ملک میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، شہزاد اکبر جیسے فنکاروں کے درمیان گھرا ہوا عمران خان کیا کرسکتا ہے، اپنی ٹیم کا انتخاب وزیراعظم عمران خان نے خود کیا تھا، اگر ان کے کھلاڑیوں نے کارکردگی نہیں دکھائی تو یہ عوام کا نہیں حکومت کا مسئلہ ہے۔ محمل سرفراز نے کہا کہ حکومت گورننس بہتر کرے گی تو میڈیا بھی وہی رپورٹ کرے گا، اگر لوگوں کو گیس، بجلی نہیں مل رہی اور مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے تو اس کا میڈیا کے بیانیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن میں اضافہ سے متعلق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا موقف درست ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں اس سے بہت کم بتایا گیا ہے جو پاکستان میں ہوتا ہے، ملک میں کوئی ادارہ ایسا نہیں ہے جہاں کرپشن کم ہوئی ہو ۔ دوسرے سوال حکومت ان دونوں لانگ مارچ سے کیسے نپٹے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے لانگ مارچ سے حکومت کو کوئی بڑی مشکل نہیں ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید