پشاو ر(خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈیکل کالج میں کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل نے کے پی حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی اور پرائم فاؤنڈیشن کے اشتراک سےپشاور میں علماء اور آئمہ مساجد کے لئے ایک روزہ ماسٹر ٹرینر ورکشاپ کا انعقاد کیا گیاجس میں معروف مذہبی سکالر مفتی یحییٰ نے حلال فوڈ کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی جس میں حلال جانور کے ذبیحہ کے آغاز پر تسمیہ اورتکبیر کہنے کے ساتھ ساتھ صاف اور صحت بخش ذبیحہ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں واضح احکامات کے ذریعےاس بات کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے کہ جانور ذبح کرتے وقت کسی اور کا نام ساتھ لینا ناجائز اور حرام ہے۔، اسلام نے کھانے کے لئے طیب یعنی صحت بخش، محفوظ اور معیاری ہونے کی بھی تلقین کی ہے۔ کے پی حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبدالستار نے کھانے کے کاروبار اور صارفین میں حلال اور طیب خوراک کی فضیلت اور انسانی صحت کے لئے اس کی بنیادی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ورکشاپ کے شرکاء کو ان کی حفاظتی سطح کے اہم پیرامیٹرز کے بارے میں آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق چیئرمین کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل اور ایڈوائزر ہیلتھ ایجوکیشن پرائم فائونڈیشن نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اس مسئلے کے بارے میں شعور اور بیداری پیدا کرنے اور حلال و طیب فوڈ سیفٹی پروٹوکولز کو ان کی حقیقی روح کے مطابق لاگو کرنے کے لئے علما، فوڈ انڈسٹری اور اکیڈمیہ کے درمیان مضبوط ہم آہنگی اور روابط کی ضرورت پر زور دیا۔