کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ مردم شماری کراچی کا دیرینہ مسئلہ ہے جس پر سیاست کی گئی لیکن مردم شماری کا مسئلہ آج تک کسی نے حل نہیں کیا،2022 میں مردم شماری کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے۔
کراچی کو بااختیار بلدیاتی نظام چاہیے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی نہ سندھ میں حکومت بچے گی نہ کراچی میں، کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں شروع ہونے جارہا ہے،اگلے سال تک کراچی میں پانی کا مسئلہ حل کردینگے۔
K4منصبوبے کی ذمہ داری وفاق نے لے لی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی میں آتشزدگی کی نذر ہونے والی کوآپریٹو مارکیٹ کی بحالی کا کام مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں وہ حکومت مسلط ہے جو کچھ بھی نہیں کرتی، کراچی میں زیادہ تر منصوبے تو وفاق کے ہیں،شہر کو بے اختیار کرنے اور سمجھنے والوں سے نمٹنا ہے۔
کراچی کو خیبرپختونخوا کی طرح بااختیار بنائیں گے،یہاں کے لوگ اپنے حقوق کیلئے نکلیں گے، ہمیں فخر ہے وزیراعظم سیاست میں صرف ووٹ کیلئے کام نہیں کرتے۔
پاکستان کے نوجوانوں کو نمل یونیورسٹی میں ہنر اور بہترین تعلیم دی جارہی ہے، کراچی ٹرانسپورٹ کے بہترین نظام کیلئے ترستا تھا ،الحمدللہ ٹرانسپورٹ کا آغاز ہوگیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسد اب منصوبہ نہیں بناسکیں گے۔