اسلام آباد (مہتاب حیدر) وزیر منصوبہ بندی اور ترقیات اسد عمر نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے چین کی 19 کمپنیوں کے ساتھ اجلاس کیے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ان شعبوں میں ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، آٹوموٹو، آئی ٹی، فٹ ویئرز، فرنیچر اور زراعت شامل ہیں۔ چین کی تین کمپنیوں کا کنسورثیم گوادر میں 4.5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری سے کاغذ اور دھات کے ری سائیکلنگ پارک تعمیر کرے گا۔ جس سے 40 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ اس کے علاوہ ایک چینی ٹیکسٹائل کمپنی خصوصی اقتصادی زون تعمیر کرے گی جس کے لیے 25 کروڑ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ جب کہ چین کی تین کمپنیوں نے زرعی منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔