• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلطانز کا دبدبہ قائم، پشاور زلمی کو 42 رنز سے زیر کرلیا، پلے آف میں جگہ بنالی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپرلیگ کراچی سے لاہور پہنچ گئی لیکن ملتان سلطانز کی فتوحات کو بریک نہ لگ سکا۔ ٹورنامنٹ میں نا قابل شکست سلطانز کا دبدبہ قائم ہے ،ناقابل تسخیر ٹیم نے پشاور زلمی کوآسانی سے42رنزسے ہراکر مسلسل چھٹی جیت اپنے نام کی اور پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ زلمی تین گیندیں قبل 140رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ سلوا اور سلو پچ پرخوش دل شاہ نے26رنز دے کر تین اور ٹورنامنٹ میں12وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔ جمعرات کی شب قذافی اسٹیڈیم میں 183رنز کے ہدف کے تعاقب میں شعیب ملک نے کچھ مزاحمت کی اور31گیندوں پر44رنز بنائے ۔ بین کٹنگ11گیندوں پر23رنز اسکور کئے لیکن کوئی بیٹسمین ہدف کے تعاقب میں کردار ادا نہ کرسکا۔ تین کیچ ڈراپ ہونے کا بھی فائدہ اٹھایا نہ جاسکا۔ ۔بلیسنگ مز ربانی نے18رنز دے کر تین ، دھانی نے35رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ پشاور زلمی نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور 5 کے مجموعی اسکور پر اُس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ لیونگ اسٹون کا عباس آفریدی نے کیچ چھوڑ دیا ۔ وہ خطرناک دکھائی دے رہے تھے لیکن16گیندوں پر24رنز ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنانے کے بعد وہ عباس کی گیند پر کاٹ بی ہائینڈ ہوگئے۔ حسین طلعت چار رنز بناکر دھانی کی گیند پر کیچ ہوئے۔ قبل ازیں سلطانز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 182رنز بنائے۔ آخری پانچ وکٹ21رنز پر گرے۔ ثاقب محمود نے44رنز رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے ۔ وہاب ریاض کو پانچ میچوں کے بعد پہلی وکٹ ملی انہوں نے34اور سلمان ارشاد نے 34رنز دے کر دو، دو وکٹ حاصل کیے۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اوس کو سامنے رکھتےہوئے پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ شان مسعود اور محمد رضوان نے98 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ابتدائی دس اوورز میں ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی۔ محمد رضوان 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے34گیندیں کھیلیں اور دو چوکے مارے۔ شان نے نئے بیٹر ٹم ڈیوڈ کے ساتھ مل کر اسکور کو 131 تک پہنچایا۔ شان یہاں 49 گیندوں پر 68 رنز بنانے کے بعد سلمان ارشاد کو وکٹ دے بیٹھے۔ انہوں نےایک چھکا اور8چوکے مارے۔ ٹم ڈیوڈ نے ایک مرتبہ پھر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 34رنز بنائے جبکہ رائلی روسو 15رنز بنا سکے۔ انور علی اور خوش دل شاہ 175جبکہ عباس آفریدی 182کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ صہیب مقصود ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسپورٹس سے مزید