• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک عدم اعتماد کیلئے شہباز شریف کے سیاسی رہنماؤں سے رابطے تیز

لاہور(خصوصی نمائندہ،خبر نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے سیاسی رہنمائوں سے رابطے تیز کردیئے ہیں، قومی اسمبلی میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئےشہبازشریف کو ملاقات کیلئے چودھری برادران کے گرین سگنل کا انتظار ہے، گزشتہ روز ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے شہباز شریف سے ملاقات کی، ملک کی مجموعی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کی سیاسی پوزیشن بارے بھی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پرآج جمعہ کے روز ہونے والے پی ڈی ایم کے اجلاس کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔رانا ثنا اللہ نے شہباز شریف کو پی ٹی آئی کے ناراض ارکان کے بارے میں بتایا اور انہیں اعتماد میں لیا۔ شہباز شریف کا مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر سے بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت دیگر سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے شہباز شریف کو عدم اعتماد کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاو ن کا یقین دلا یا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ اِن ہائوس تبدیلی کے لیے ہوم ورک آخری مراحل میں داخل ہوچکاہے۔ حکومتی اتحادیوں، اپوزیشن قائدین سے بیک ڈور رابطوں کے مثبت نتائج نکلیں گے۔