اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ موخر کرنے سے متعلق معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجتے ہوئے قرار دیا ہے کہ الیکشن کمیشن شیڈول کے معاملہ پر فریقین کا موقف سن کر آج مناسب فیصلہ جاری کرے، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ انتخابی شیڈول معطل کرکے غلط مثال قائم نہیں کرینگے، اگر فیصلہ ہمیں ہیں کرنا ہے تو کیا الیکشن کمیشن کو بند کردیں؟جسٹس اعجا زالاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بنچ نے سوموار کے روز الیکشن کمیشن کو نئے شیڈول پر انتخابات سے روکنے سے متعلق کے پی کے حکومت کی استدعا مسترد کر دی جبکہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے بارے میں پشاور ہائی کورٹ( ایبٹ آباد بنچ )کے فیصلے کے خلاف الیکشن کمیشن کی اپیل نمٹا دی ہے ،عدالت نے قرار دیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 31 مارچ 2022 کو کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول دے دیا ہے۔