• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں درج منی لانڈرنگ مقدمے میں اہم پیش رفت

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل میں درج منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور ایک اہم گواہ نے عدالت میں نامزد اور مفرور تین ملزمان کے خلاف 169 کا (بیان حلفی) ریکارڈ کروا دیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق ڈائریکٹر بلوچستان زون نے چارج سنبھالنے کے بعد کوئٹہ سرکل میں زیرالتوا انکوائری نمبر 10/2018کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کراچی سے تبادلہ کیے گئے انسپکٹر اسٹیفن شریف کو ٹاسک دیا۔ مذکورہ آفیسر نے چند ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے گزشتہ برس کے آخر میں مقدمہ نمبر 27/2021درج کیا۔ تحقیقاتی افسر نے اس بات کا سراغ لگایا کہ نوشکی میں ایک بینک میں منی لانڈرنگ کیلئے اکاؤنٹ کھولا گیا اور اس سے تقریباً 80لاکھ روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی اور اس میں تین افراد محمد ولد عبدالحلیم، اس کے دو بھائی عبداللہ اور عبیداللہ ملوث رہے۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے چھاپے مارے گئے مگر گرفتاری نہ ہوسکی۔ ملزمان کے خلاف رواں ماہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ کی عدالت میں عبوری چالان جمع کروایا گیا۔ اسی عرصے میں جس بینک میں اکاؤنٹ کھولا گیا تھا اس کے افسر نے بھی اپنا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے 6جنوری 2022ء کو ریکارڈ کروایا اور انکشاف کیا کہ مذکورہ اکاؤنٹ بند کردیا گیا ہے۔ ملزمان کھجور درآمد کا کاروبار کرتے تھے مگر بھاری رقم چاول کی برآمد کے لیے کھولے گئے اکاؤنٹ میں جمع کروائی گئی۔ گزشتہ روز فیصل آباد کے رہائشی عرفان نے بھی معزز جج کے سامنے اپنا بیان حلفی ریکارڈ کروا دیا۔

ملک بھر سے سے مزید