پشاور (کرائم رپورٹر ) پشاور میں اسلحہ نمائش کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں اورایک روز میں خلاف ورزی کرنے والے 15 ملزمان کودھر لیا گیا، تھانہ چمکنی، شاہ پور اور ریگی پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان میں ہنگو سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں،ملزمان کے قبضہ سے 5 کلاشنکوف، دو ایم 16 رائفل اور پستول برآمد کر لئے گئے۔ اسلحہ نمائش میں ملوث عناصر کےخلاف جاری کریک ڈاون کے دوران رورل ڈویژن پولیس نے 15 مزید ملزمان کو گرفتار کر لیا، ایس ایچ او تھانہ چمکنی ہارون جدون نے چار ملزمان عظیم، نعمان، بسم اللہ اور کامران کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق ہنگو کے علاقہ دوآبہ سے ہے، اسی طرح ایس ایچ او تھانہ شاہ پور شکیل خان نے تین ملزمان مرجان، سید بہرہ مند اور طاہر علی جبکہ ایس ایچ او تھانہ ریگی ریاض خان نے آٹھ ملزمان کامران، زاہد، فاروق، جواد، راحت، ہادی، نعمت اور سراج کوحراست میں لیا ہے جن کے قبضہ سے خود کار اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔رورل ڈویژن پولیس نے گرفتار ملزمان کےخلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔