• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور پبلک سکول پرنسپل کا فیس معافی کا اختیار ختم، ملازمین کے اگلے گریڈ میں ترقی

پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے پشاور پبلک سکول کے پرنسپل کا 10فیصد طلباء وطالبات کو فیس معاف کرنے کا اختیار ختم ، سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں منتخب ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دینےجبکہ تاریخ پیدائش میں درستگی کے لئے جنرل فنانشل رولز 116کے مطابق طریقہ کار لاگو کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی کے زیر صدارت پشاور پبلک سکول کے بورڈ کے اجلاس میں کئے گئے۔ سکول ملازمین کے بچوں کو فیس کی عدم ادائیگی کا معاملہ اور صوبائی حکومت کے طرز پر ملازمین کو مختلف الاؤنسز کا کیس فنانس کمیٹی کو غور وخوض کےلئے بھیج دیا، بورڈ نےفیس میں 10فیصد اضافے کی عبوری منظوری بھی دی جس کی مکمل تفصیل فنانس کمیٹی کے اجلاس کے بعد بورڈ میں پیش کی جائے گی۔وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکام کو صوبے کے تمام پبلک وماڈل سکولوں کے لئے نئے قواعد وضوابط بنا نے کی ہدایت کی اور کہا نئے رولز میں پروموشن کے لئے ملازمت کے دورانیہ کے ساتھ کارکردگی اور بہترین تعلیمی قابلیت شرط ہوگی،خراب کارکردگی والے اساتذہ کو بالکل ترقی نہیں دی جائے گی، ملازمین کے لئےاے سی آر کے طریقہ کار کو وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور پبلک سکول میں چارماڈل سٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی لیبز بنائی جارہی ہیں جن کے لئے سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے تمام نجی و سرکاری اداروں بشمول ماڈل سکولز میں ماہانہ فیس کے علاوہ دیگر کسی بھی قسم کی فیس نہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ تعلیم آئی ٹی تعلیم کے فروغ کے لئے پشاور پبلک سکول میں سٹیٹ آف دی آرٹ طلباء وطالبات کےلئے علیحدہ دو دو آئی ٹی لیبز بنانے پر کام کر رہا ہےسامان کی ترسیل کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا جبکہ ٹیکنیکل سٹاف بھی بہت جلد تعینات کیا جائے گا۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ آئی ٹی کی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے صوبے بشمول قبائلی اضلاع کے سکولوں میں آئی ٹی لیبزبنائی جارہی ہیں۔
پشاور سے مزید