اسلام آباد(جنگ نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما فیصل واوڈا کی نااہلی کا کیس سپریم کورٹ میں سماعت کےلیے مقرر کردیا گیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں3رکنی بینچ یکم مارچ کو نااہلی کیس کی سماعت کرے گا۔ فیصل واوڈ کی نااہلی کیس میں سپریم کورٹ کے بینچ میں عمر عطا بندیال، جسٹس سجاد علی شاہ اور جسٹس محمد علی مظہر شامل ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت میں وفاقی وزیر اور بعد ازاں سینیٹر رہے، فیصل واوڈا کو الیکشن کمیشن نے تاحیات نااہل کردیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی رہنما کی اپیل مسترد کردی تھی۔ فیصل واوڈا نے ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔