کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کا فائنل اتوار کی شام کو دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور مقامی ٹیم لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائیگا۔محمد رضوان کی ملتان سلطانز گذشتہ سال پشاور زلمی کو ہراکر ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔قلندرز کو اپنے شو کیس میں پہلی ٹرافی کا بے چینی سے انتظار ہے۔شاہین شاہ آفریدی اگرچہ نوآموز کپتان ہیں مگر یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ انھوں نے پی ایس ایل کے اس ایڈیشن کے دوران کمال جذبے سے اپنی ٹیم کی قیادت کی اور فاسٹ بولر ہونے کے باوجود جو نرم مزاجی ان کا خاصہ ہے، وہی ان کی کپتانی میں بھی نظر آئی۔لاہور قلندرز کو پی ایس ایل کے ساتویں سیزن کا دوسرا ایلیمنیٹر ہمیشہ یاد رہے گا کہ ہوم گراؤنڈ میں ہوم کراؤڈ کے سامنے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اس نے 168رنز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھ رنز سے ہرا دیا۔ لاہور قلندرز اس سے قبل 2020میں فائنل کھیلا تھا جس میں اسے کراچی کنگز نے ہرایا تھا۔سال 2021میں آئی سی سی کے بہترین کرکٹر کا ایوارڈ جیتنے والے شاہین شاہ آفریدی اور ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنیوالے محمد رضوان کا تعلق کے پی کے سے ہے لیکن ٹورنامنٹ میں دونوں کی کپتانی نے ماہرین کو بھی حیران کردیا ہے۔2017کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ جب قذافی اسٹیڈیم لاہور کا تاریخی گراؤنڈ دوبارہ پی ایس ایل کے فائنل کی میزبانی کریگا۔ملتان سلطانز نے ایونٹ کے واحد کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔اس سے قبل دونوں ٹیمیں دو مرتبہ لیگ مرحلے میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں فتح کی دیوی ایک مرتبہ لاہور قلندرز اور ایک مرتبہ ملتان سلطانز پر مہربان ہوچکی ہے۔ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ کی 11اننگز میں532رنز بناچکے ہیں۔ 126سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنانے والے محمد رضوان اب تک ایونٹ میں سات نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔ اس فہرست میں ملتان سلطانز کے دوسرے اوپنر شان مسعود کا تیسرا نمبر ہے، جو اب تک 459رنز بنا چکے ہیں۔ بولنگ میں ملتان سلطانز کو خوشدل شاہ کی صورت میں ایک سرپرائز پیکیج دستیاب ہے۔ وہ اب تک ٹورنامنٹ میں16وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ تجربہ کار عمران طاہر اور پی ایس ایل 6کے بہترین بولرکا ایوارڈ حاصل کرنے والے شاہنواز دھانی کی اس ٹورنامنٹ میں وکٹوں کی تعداد بھی 16، 16ہے۔لاہور قلندرز کے نوجوان بولرا ور پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے زمان خان بھی 16 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کی نظریں اب صرف ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر مرکوز ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر میچ کے لیے ایک بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر لاہور کے عوام کے مشکور ہیں ۔ محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کے لیے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا ہے۔