لاہور(خبرنگار)سانحہ پشاور کیخلاف مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن رضا ہمدانی، سیکر ٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین خانم خنا رضا نقوی سمیت دیگر علمائے کرام اور عمائدین ملت نے کی۔ اس موقع پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ حکومت کی بے حسی سے یہ سانحہ رونما ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ یہ عالمی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے تو آج 65 قیمتی جانیں بچ سکتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء نے تین دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے بارے پیش رفت کا بیان تو دے دیا ہے تاہم ان کو بے نقاب نہیں کیا مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ حکومت سوائے مذمتی بیان کے عملی طور پر کچھ نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اہلسنت بھائیوں کے بھی شکر گزار ہیں، جنہوں نے اس موقع پر دہشتگردی کی مذمت کی اور ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے۔