پشاور(وقائع نگار)صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ ملاوٹ مافیا اور گرانفروشوں کے خلاف سرگرم ہے اور پشاور کے مختلف علاقوں سے ملاوٹ اور ناغے کے دن گوشت فروخت کرنے پر بیشتر دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر عبید ڈوگر نے اندرون شہر بازاروں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر عمر اویس کیانی نے پجگی روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عادل وسیم نے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر کامران فرید کے ہمراہ گلبہار، نشتر آباد، سکندر پورہ اور ہشتنگری کے علاقے میں شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا لائیو سٹاک کی جدید لیبارٹری کے زریعے تجزیہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد اظہر خان نے یونیورسٹی روڈ پر بازاروں کا معائنہ کیاجبکہ دیگر انتظامی افسران نے اپنے علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران گلبہار، نشتر آباد اور ہشتنگری کے علاقے میں دودھ میں وافر مقدار میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 15 شیر فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ یونیورسٹی روڈ سے ناغے کے دن گوشت فروخت کرنے پر 08 قصابوں کو گرفتار کیا گیا۔انتظامی افسران نے مختلف علاقوں سے گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور صفائی ناقص صورتحال پر مجموعی طور پر18 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، قصاب، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان، تجاوزات مافیا اور دیگر شامل ہیں۔ گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور گرانفروشی و سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔