اسلام آباد(نمائندہ جنگ )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کیخلاف جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد کو آئین وقانون کے مطابق قرار دیتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 95کے تحت سات دنوں کے اندراندر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ضرورت پر زور دیاہے، جمعرات کے روز جاری پریس ریلیز کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد احسن بھون نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی بدامنی کی وجہ سے اسوقت تمام قسم کی حکومتی حالت تعطل کا شکار ہے، اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروانے کا اقدام اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 95،کے عین مطابق ہے اور اس میں کوئی عمل بھی خلاف آئین نہیں ، آرٹیکل 95 کے تحت تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سات روز کے اندر اندر اجلاس بلانے کے پابند ہیں اسلئے ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔