• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میڈیکل وڈینٹل کالج اور سی میپ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈیکل و ڈینٹل کالج (پی ایم ڈی سی)پشاو ر اورسنٹر فار مینٹل ہیلتھ ایڈووکیسی اینڈ پروموشن (سی میپ) نے دماغی صحت کو فروغ دینے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے۔یادداشت پرپی ایم اینڈ ڈی سی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور چیف ایگزیکٹو سی میپ پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے دستخط کئے۔ معاہدے کا مقصد ایک ایسے مستقبل کی تخلیق کا تصوراجاگر کرنا ہے جہاں کمیونٹی میں ذہنی صحت کے مسائل کو مناسب طریقے سے پہچانا ، ان کا خیال رکھا اور ان کوحل کیا جائے۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ پی ایم سی اور سی میپ مشترکہ طور پر ذہنی صحت کے امراض میں مبتلا افرادکے لئے مقامی روایات پر مبنی، مربوط اور جامع طریقہ کار کی ماڈلنگ پر عمل کریں گے اور علاج کے تمام منصوبوں میں مریضوں کے لواحقین اور کمیونٹی کو شامل کرکے’’عوامی ذہنی صحت‘‘ کے جدید تصورکو فروغ دیں گے،میڈیا اور تعلیمی اداروں کی سطح پرتشہیری مہم چلائی جائے گی ۔ پی ایم سی اور سی میپ ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار لوگوں کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کو باہمی اشتراک سے حاصل کردہ تجربات سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنا کر مسائل کے مخصوص گروپوں کی تخلیق میں مشترکہ پیشرفت کریں گے۔ دونوں ادارے مشترکہ طور پر معاشرے کے مختلف طبقات کے لئے ذہنی صحت سے متعلق آگاہی کے پروگرام بھی منعقد کریں گے۔ذہنی صحت کی لائبریری اور وسائل کے مرکز کے ساتھ ساتھ پیشہ ور افراد کےلئے عوامی ذہنی صحت کا تھنک ٹینک اور ٹارگٹ کمیونٹیز بھی قائم کی جائیں گی جبکہ تعلیمی اورتحقیقی اداروں، کمیونٹیز، رائے عامہ اور مختلف سطحوں پر فیصلہ سازوں کے ساتھ مشاورت اور قریبی روابط کافروغ بھی مفاہمتی یادداشت کا حصہ ہیں۔
پشاور سے مزید