پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ پر مضر صحت مصالحہ جات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو یونٹس سیل کردیئے۔ چھاپے کے دوران ایک یونٹ سے 1500 کلو سے زائد مضر صحت مصالحہ جات برآمد کرکے ضبط کرلئے گئے۔ اسے طرح ایک دوسری فیکٹری سے 1200 لیٹر سے زائد استعمال شدہ خراب خوردنی تیل برآمد کیا گیا، مضر صحت خوردنی تیل کو مصالحہ جات کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا۔ کاروائی کے دوران ضبط کئے گئے مضر صحت مصالحہ جات کو پشاور کے مختلف حصوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کاروائی کے دوران مختلف چپس تیار کرنے والے یونٹس کا بھی معائنہ کیا گیا اور ایک یونٹ سے 450 کلو سے زائد غیر معیاری پیکنگ میٹریل برآمد کرلیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق سیل کئے گئے یونٹس کے مالکان کو مزید کاروائی کے لئے دفتر طلب کرلیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق مصالحہ جات ہمارے خوراک کا ایک نہایت اہم جز ہے، جس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہناتھا کہ مصالحہ جات میں ملاوٹ کرنے والوں اور مضر صحت اجزاء شامل کرنے والے عناصر کے خلاف گیرا تنگ کرلیا گیا ہے، اور ایسی کاروائیوں کا سلسلہ آگے بھی جاری رہیگا۔ شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔