کراچی (ٹی وی رپورٹ)سابق وزیراعظم، شاہد خاقان عباسی نے نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ آج ملک کے مسائل کا حل صرف اور صرف شفاف انتخابات میں ہے،ق لیگ سے ملاقاتیں ہوئی ہیں لیکن ہم نے پیشکش کی ہو یا انہوں نے مطالبہ کیا ہوایسی بات میری معلومات میں نہیں ہے۔اس وقت ہمارا فوکس وفاق میں عدم اعتماد ہے اسی پر فوکس ہے۔ ہمارا یہ خیال ہے کہ ق لیگ ایک سیاسی جماعت ہے حکومت کے ساتھ چار سال رہی ہے ۔ہم نے ان کو عدم اعتماد میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے یہ فیصلہ ان کا ہے کہ کیا وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس ملک کی بہتری عدم اعتماد میں شامل ہونا ہے یا حکومت میں ساتھ رہنے میں ہیں۔جب وہ عوام کے پاس جائیں گے کیا وہ حکومت کا بوجھ لے کر جاسکتے ہیں یہ بنیادی فیصلہ ہے۔جب ہماری ایم کیو ایم سے بات چیت ہوئی ہے تو انہوں نے اپنی کچھ گزارشات کی ہیں جس میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہیں جو کراچی کے وسائل میں حق ہے اس کی بات کی ہے ۔میں ان باتوں سے اتفاق کرتا ہوں انہوں نے وہ باتیں پیپلز پارٹی اور ہمارے سامنے رکھی ہیں مگر انہوں نے کوئی شرط نہیں لگائی۔حکومت اب اسمبلیاں بھی نہیں توڑ سکتی ملک کی ضرورت ایک نئے الیکشن میں ہے ۔