راولپنڈی( اپنے رپورٹرسے) رمضان المبارک میں ضلع راولپنڈی میں16رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ رمضان المبارک شروع ہونے سے تین روز قبل ضلع بھر میں رمضان بازار لگا دیئے جائیں گےجس کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق نے رمضان بازاروں کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز شریک ہوئے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں کے باہر پارکنگ کا وسیع انتظام ہونا چاہئے، چینی اور آٹے کے علیحدہ علیحدہ سٹالز لگائے جائیں گے جہاں پر شہریوں کی زیادہ تعداد کے حوالے سے جگہ میسر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں قائم سٹالز میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں کی لسٹیں نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں گی اور اشیائے خوردنی کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان کے آغاز سے قبل اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں یکدم اضافہ ہوجاتا ہے جس کے کنٹرول کے لئے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈبل روڈ اور حیدری چوک میں لگنے والے رمضان بازار ضلع بھر میں سب سے بڑے ہوں گے اور ان میں ستر ستر سٹالز لگائے جائیں گے۔