کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیڈرل سروس ٹریبونل کے چیئرمین قاضی خالد علی کی سربراہی میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے سرکاری وفاقی ملازمین کی اپیلوں کی سماعت 24اور 25مارچ 2022ء کو جوڈیشل کملیکس ملتان میں منعقد ہوگی۔ واضح رہے کہ پرائیم منسٹر آف پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر برائے قانون ڈاکٹر محمد فروغ نسیم کی منظوری سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملتان، پشاور، اور کوئٹہ میں فیڈرل سروس ٹریبونل کے کیمپ آفسز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جناب جسٹس محمد امیر بھٹی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے جوڈیشل کملیکس ملتان میں فیڈرل سروس ٹریبونل ، کیمپ آفس ملتان کے لئے جگہ فراہم کی ہےجس میں 24 اور 25 مارچ 2022ء کو چیئرمین قاضی خالد علی اور ممبر ڈاکٹر ھاشم پوپلزئی پر مشتمل بینچ میں اپیلوں کی سماعت ہوگی۔ اس دوران پوسٹ آفس ، ایف آئی اے، نیشنل سیونگز، ایف بی آر، اور دیگر محکموں کے ملازموں کے اپیلوں کی سماعت ہوگی۔فیڈرل سروس ٹریبونل کے چیئرمین جناب قاضی خالد علی نے جسٹس محمد امیر بھٹی، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں فیڈرل سروس ٹریبونل ، ملتان بینچ کے قیام سے وفاقی حکومت کے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو ان کی رہائش کے قریب انصاف کے حصول کی سہولت مل جائے گی۔