لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر آئی حکومت قریب المرگ ہے ،نظریے کی بنیاد پر بننے والا ملک بد قسمتی سے 74 سالوں سے نظریاتی قیادت اور سیاست سے محروم ہے، لوٹا کریسی اور مفادات کے کلچر نے عوام کو ہمیشہ مایوس کیا، ملک معاشی، سیاسی، معاشرتی طور پر آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے کی طرف سفر کر رہا ہے، تبدیلی کی دعوے دار پی ٹی آئی حکومت ساڑھے 3سالوں میں اپنی ہی ناکامیوں اور نا مرادیوں کے بوجھ تلے دب گئی،عدم اعتمادلانے والی پارٹیوں او ر حکومت کا دفاع کرنے والوں میں میرا چور زندہ باد اور تیرا چور مردہ باد کی لڑائی ہے، قوم نے پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن،پی ٹی آئی کو بار بار موقع دیا، گزشتہ کئی دہائیوں سے جرنیلوں، وڈیروں، جاگیر داروں،سرمایہ داروں نے اقتدار کے مزے لوٹے لیکن ملک و قوم کیلئے اس کے نتائج بھیانک نکلے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تحریک محنت پاکستان کی مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر حکومت نے عوام کے مسائل اور مشکلات میں اضافہ کیا،اب ایک چانس اس ملک کو اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے بھی دینا چاہیے ،جماعت اسلامی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے بر سر پیکار ہے۔