• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ میں13سال بعد پہلی فتح

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں13سال بعد پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ نیوزی لینڈ کے ٹورنامنٹ میں چار مسلسل میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کوآٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔ بار ش کی وجہ سے میچ کو بیس بیس اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔ ندا ڈار نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے دس رنز دے کر چار وکٹ حاصل کئے۔ پاکستانی ٹیم کو گذشتہ18میچوں میں شکست ہوئی تھی۔ ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان کی2009کے بعد پہلی کامیابی ہے۔ پیر کو ہیملٹن میں پاکستانی بولرز نے حریف ٹیم کو89رنز تک محدود رکھا۔ جواب میں پاکستان کی جانب سے منیبہ علی37، عمیمہ سہیل 22اور بسمہ معروف نے 20رنزبنائے۔ منیبہ نے43گیندیں کھیلتے ہوئے ہدف کو ممکن بنایا۔ اس ہار کے بعد ویسٹ انڈیز کے سیمی فائنل میں جانے کے لئے مزید محنت کرنا ہوگا۔ پاکستان نے ورلڈ کپ میں آخری بار ویسٹ انڈیز کو ہی شکست دی تھی۔ اس جیت کے باوجود پاکستانی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔