پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے چارسدہ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ملٹی نیشنل کمپنی کے نام پر جعلی مشروبات تیار کرنے والی ایک فیکٹری کو سیل کردیا ہے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران یونٹ سے 4 ہزار لٹر سے زائد جعلی مشروبات برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔ کارروائی میں بڑی مقدار میں پیکنگ میٹریل اور فلنگ مشینیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں تیار ہونیوالے مشروبات شہر بھر میں سپلائی کئے جاتے تھے۔پروسسنگ یونٹ میں صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی، یونٹ سیل کردیا گیا، ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق رمضان سے قبل جعلی مشروبات تیار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا ہے۔ جعلی مشروبات تیار کرنے والے کاروباروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ ضلع چارسدہ تنگی بازار میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا۔ مالکان کو صفائی کا خاص خیال رکھنے اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات دیں گئی۔ ایک دکان سے بڑی مقدار میں زائد المعیاد بسکٹ،ٹافیاں برآمد کرکے بھاری جرمانہ کر دیا گیا۔ایک گوشت دکان کو صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی جرمانہ کردیا گیا ۔