• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاجی بینرز اُتارنے پر پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کا احتجاج

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں احتجاجی بینرز اُتارنے پر پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی نے احتجاج کیا ہے۔ پی ایچ اے تحریک انصاف کی بی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کے لانگ مارچ کے موقع پر پیپلز پارٹی کے اسٹیمرز اور بینرز بھی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُتارے گئے۔ میٹرو پلرز پر تحریک انصاف کے پوسٹرز بینرز لگا دیئے گئے ہیں جو دوہرے معیار کو ظاہر کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صدر پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی راجہ کامران حسین‘ سینئر نائب صدر چوہدری افتخار احمد‘ جنرل سیکرٹری راجہ شاہد محمود‘ سیکرٹری انفارمیشن راجہ محمد علی منہاس‘ نائب صدور آغا ثاقب ریاض اور ملک ایوب نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی راولپنڈی آمد 8مارچ کے سلسلے میں پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی نے تحریری طور پر پی ایچ اے کو درخواست دیکر مری روڈ اور اسکے اطراف ویلکم بلاول بھٹو زرداری اسٹیمرز بینرز آویزاں کرنے کی باقاعدہ اجازت طلب کی تھی مگر اسکے باوجود پی ایچ اے کی جانب سے مری روڈ اور اسکے اطراف بشمول میٹرو پلرز سے پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی سٹی کی جانب سے آویزاں کئے گئے بینرز اور اسٹیمرز کو اتارا گیا۔ پی ایچ اے کے ذمہ داران کی جانب سے یہ موقف پیش کیا گیا کہ میٹرو پلرز پر کسی بھی سیاسی جماعت کے بینرز پوسٹرز اور اسٹیمرز آویزاں کرنے کی اجازت نہیں ہے مگر اب تحریک انصاف کے اسلام آباد میں جلسہ کے حوالے سے بینرز اسٹیمرز اور پوسٹرز میٹرو پلرز اور اسکے اطراف میں آویزاں ہیں۔
اسلام آباد سے مزید