لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام تیار ہوجائیں، سیٹ بیلٹ باندھ لیں، ملک کا جہاز کسی بھی وقت پرانے پاکستان میں لینڈ کرنیوالا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں خاتون اول کی ایک دوست نے چھ ارب وصول کیے۔عمران خان کے سارے پتے بکھر چکے، اب ان کا ٹرمپ کارڈ یہ ہے کہ وہ سیاست سے دست بردار ہوجائیں اور گھر جائیں۔
مسلم لیگ ن کا قافلہ آج جی ٹی روڈ پر نواز شریف کی ووٹ کو عزت دو تحریک کو آگے بڑھانے، کامیاب بنانے کے لیے نکلے گا۔
ماڈل ٹائون لاہور میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی کی پارٹی کے 2 درجن سے زائد رہنما تو ٹی وی پر آکر کہہ چکے کہ عمران خان کے ساتھ نہیں،جو تکبر اور رعونت سے کہتا تھا کہ کسی کو این آر او نہیں دوں گا، آج وہ عمران خان ایڑیاں رگڑ رگڑ کر ہر شخص سے این آر او کی بھیک مانگ رہا ہے۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر فرح نامی خاتون سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاکہ سب اسکینڈلز کا باپ ہے اور اس کے تانے بانے بنی گالہ سے ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف پوسٹنگ ٹرانسفرز کیلئے لی گئی رشوت میں 6 ارب سے زیادہ کمایا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ آئندہ دنوں میں ہوش اڑا دینے والے ثبوت سامنے آئیں گے۔