اسلام آباد (فاروق اقدس) وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ابتدائی کارروائی کا آغاز کرنے کیلئے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا جانے والا قومی اسمبلی کا اجلاس تقریباً 20 منٹ کی کارروائی کے بعد ’’بند مائیکس‘‘ پر اپوزیشن لیڈر اور دیگر راہنمائوں کے احتجاج کے بعد پیر کی شام تک ملتوی کر دیا گیا.
اجلاس ختم کئے جانے کے اعلان کے دوران ہی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو اور اپوزیشن کے بعض دوسرے راہنمائوں نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے احتجاج شروع کیا تو ان کے مائیکس بند تھے اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بار بار مائیک اوپن کرنے کیلئے بٹن دباتے رہے.
لیکن مسلسل کی جانے والی یہ کوشش ناکام ہوتی رہی کیونکہ مائیک آن ہونے والی ’’ سرخ لائٹ‘‘ بھی نہیں جلتی تھی جس سے یہ اندازہ ہوتا تھا کہ اپوزیشن کے قائدین ہی کے نہیں بلکہ کنٹرول روم سے ہی اپوزیشن کی نشستوں پر نصب مائیک بند تھے اور اس کا فیصلہ صرف سپیکر کے حکم پر ہی ہوسکتا ہے۔