پشاور(نامہ نگار)صوبائی محکمہ ایکسائز ،ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کی جانب سے پشاور ریجن میں منشیات کی سمگلنگ کیخلا ف جاری کریک ڈائون کے دوران مختلف کارروائیوں میں 26کلو گرام چرس اور ساڑھے چار کلوگرام اعلیٰ کوالٹی ہیروئن برآمد کرکے 6ملزمان کو گرفتار کرلیا، محکمہ ایکسائز کے مطابق ایکسائز مردان کے عملے نے خفیہ اطلاع پر چارسدہ انٹرچینج کے قریب موٹر کار نمبری CA 359 کو روک کر تلاشی کے دوران 3500 گرام اعلیٰ کوالٹی ہیروئن برآمد کرکے ملزم عثمان ساکن راولپنڈی کینٹ کو موقع پر گرفتار کر لیا ۔ دوسری کارروائی میں مسعود الحق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر (کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشنز) نے بمعہ دیگر نفری جمرود روڈ نزد جمرود چوکی گاڑی نمبری LWD 0991 کو روک کر تلاشی کے دوران گاڑی سے 8000 گرام چرس برآمد کرکے دو ملزمان حبیب الرحمن ساکن ہنگو اورنعمان صدیقی ساکن نوشہرہ کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا ۔ تیسری اور چوتھی کارروائی میں محمد ریاض SHO تھانہ ایکسائز پشاور ریجن بمعہ دیگر نفری نے خفیہ اطلاع پر پشاور موٹروے ٹول پلازہ کے قریب گاڑی نمبری VK 466 کو شدید مزاحمت اور فرار کی کوشش کے بعد قابو کر کے تلاشی کے دوران گاڑی سے 10000 گرام اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کر کے ملزم علام رسول ولد مراد علی ساکن گوجرانوالہ کو موقع پر گرفتار کیا گیا ۔ ایک اور کارروائی میں ایکسائز سکواڈ نے پشاوراسلام آباد ٹول پلازہ گاڑی نمبری RPT 981 کو روک کر تلاشی کے دوران گاڑی سے 900 گرام ہیروئن برآمد کرکے ملزم خرم شہزاد ولد محمد بوستان ساکن اسلام آباد کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔ اسی طرح تھانہ ایکسائز مردان ریجن نے موٹر سائیکل سے 2400 گرام چرس برآمد کر لی جبکہ تھانہ ایکسائز پشاور ریجن نے ایک اور کارروائی کے دوران 4800 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کےخلاف مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔