کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ سیزن23-2022 کا اعلان کردیا ۔ قومی ٹیم 8 انٹرنیشنل سیریز کھیلے گی۔ ان میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔ سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔ مہمان ٹیم کے اس دورہ میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔ قومی ٹیم ایشین گیمز میں شرکت کیلئے ستمبر میں چین جائے گی۔اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ڈومیسٹک سیزن کا پہلا ایونٹ، قومی انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ اگست میں مریدکے میں کھیلا جائے گا، جہاں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی، قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی چار ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والی خواتین کرکٹرز کے ہمراہ تین نئی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ پھر ان تین ٹیموں کے مابین ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کی فاتح کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔تیسرا اور آخری ویمنز ڈومیسٹک ایونٹ، ون ڈے ٹورنامنٹ اپریل میں کھیلا جائے گا۔ چار ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 14 میچز کھیلے جائیں گے۔