پشاور ( جنگ نیوز )ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) نوید اکبر خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر محمد ادریس سمیت انتظامی افسران، پشاور کے ہسپتالوں کے ڈینگی فوکل پرسن، محکمہ صحت اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈینگی کے خاتمے کے حوالے سے جاری اقدامات، ہسپتالوں میں رپورٹنگ سسٹم/ کیس ٹریکنگ سسٹم اور دیگر اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پشاور کے زیادہ کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر سپرے کے ساتھ عوامی آگاہی بھی چلا رہی ہیں ان ٹیموں میں شامل اینٹامالوجسٹ پانی کے نمونے حاصل کر کے ڈینگی لاروا کے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں اور ڈینگی لاروا کی موجودگی پر مزید کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے اور سپرے کا دائرہ کار مزید علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے اورضلعی انتظامیہ پشاور ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور ڈینگی مچھروں کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے تاکہ ڈینگی مچھروں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے MTIs ہسپتالوں کو ہدایات جاری کیں کہ روزانہ کی بنیادوں پر ڈیٹا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے ساتھ شیئر کریں اور اس کے ساتھ عوام الناس میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مہمات چلائیں۔ڈپٹی کمشنر پشاورشفیع اللہ خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں پانی کی ٹینکیوں کو ڈھانپ کر رکھیں اور گھر میں کسی بھی جگہ یا برتن میں پانی کو کھلا نہ رکھیں او ر مکمل احتیاط برتیں تاکہ اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جا سکے انھوں کے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر ڈینگی وائرس پر قا بو نہیں پا یا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کو کنٹرول کر نے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے