کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستان کرکٹ بورڈ نے رگبی سیون کی طرز پر چار ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کا مسودہ تیار کرکے بھارت،انگلینڈ اور آسٹریلیا کو بھیج دیا ہے اور ان ملکوں سے غیر رسمی بات چیت ہوئی ہے ۔پی سی بی چیئرمین رمیز راجا کی اس تجویز پر آئندہ ہفتے آئی سی سی اجلاس کے دوران بات چیت ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ خواتین اور انڈر19کی پاکستان سپر لیگ کرانے کے لئے بھی تیاری کررہا ہے۔دونوں ٹورنامنٹ اگلے سال ہونے کی توقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے دبئی میں آئی سی سی بورڈ اجلاس ہورہا ہے جس میں رمیز راجا کے علاوہ سی ای او فیصل حسنین اور ڈائریکٹر انٹر نیشنل کرکٹ ذاکر خان شریک ہوں گے۔دس اپریل کو ہونے والی بورڈ میٹنگ سے قبل چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی بھی میٹنگ ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام 2024اور2025میں تین ہوم اور تین اوے سیریز کے لئے ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے بات چیت کرے گا۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کا حصہ یہ سیریز تین ٹیسٹ سے کم نہیں ہوں گی۔پاکستان نے بھارت کے ساتھ سیریز کے امکانات کو مکمل رد کردیا ہے تاہم فیوچر ٹور پروگرام میں امید کی کرن کے طور پر ونڈو میں بھارت کی سیریز کو رکھا گیا ہے۔