اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا فلسفہ ملکی ترقی، آزادی، خودمختاری اورعوام کی خوشحالی پیپلزپارٹی کا مشن ہے جس کی تکمیل کیلئے بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر ثابت قدم ہیں، پیپلز پارٹی آئین کی حفاظت اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی ۔ قائد عوام کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ بھٹو شہید عوام سے عشق کرتے کرتے تھے اور عوام کی خاطر تختہ دار پر چڑھ گئے آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہید بھٹو کےعوام سے عشق کا تسلسل ٹوٹنے نہیں دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کو 43ویں یومِ شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بھٹو شہید نے عوام کو شعور دیا، متفقہ آئین دیکر ریاست کو مضبوط بنایا، جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کو ناقابلِ تسخیر بنایا، اپنے ذات، مفادات اور خطرات کو بھول کر صرف قوم کی سربلندی کے لئے سوچنے اور عملی اقدامات اٹھانے کا نام ذوالفقار علی بھٹو ہے۔