کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے دو سال کے لئے اپنے فیوچر ٹور پروگرام میں بھارت کے ساتھ ونڈو خالی رکھی ہے۔ ایسے میں پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے پاک بھارت کرکٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کو سیاست کی نظر نہیں کیا جاسکتا۔پیر کو غیر ملکی میڈیا سے بات چیت میں رمیز راجا نے کہا کہ انٹرنیشنل براڈکاسٹر نے کہا پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ کو دنیا میں سب سے زیادہ ناظرین نے دیکھ کر ریکارڈ توڑ دیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام 2024اور2025میں تین ہوم اور تین اوے سیریز کے لئے ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں سے بات چیت کریں گے۔ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ یہ سیریز تین ٹیسٹ سے کم نہیں ہوں گی۔