کراچی(رپورٹ / رفیق بشیر) محکمہ صنعت کالا ڑکانہ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبہ جس کا افتتاح پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کیا تھا تاخیر کا شکار ہوگیاجبکہ پلاٹوں کی قرعہ اندازی 31دسمبر 2021کو ہونا تھی جو نہ ہوسکی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے حکم پرمحکمہ صنعت نے لاڑکانہ میں تمام بنیادی سہولتوں کے ساتھ انڈسٹرل اسٹیٹ بنانے کا فیصلہ کیا تھا،اس منصوبے کے لیے بورڈ آف ریونیو نے 5سو ایکٹر اراضی الاٹ کی تھی،منصوبے کو جلدمکمل کرنے کیلئےمحکمہ صنعت نے تمام مصنوعی انتظامات کرکے بلاول بھٹو سے افتتاح کروایااور اسٹیٹ انڈسٹریل منصوبے کو اسٹیٹ آف دی آرٹ قراردیا تاہم دو سال گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ منصوبے کی شفاف الاٹمنٹ کے لئے مرحوم مہدی علی شاہ نے اہم کردار ادا کیااور صنعتی پلاٹ کی الاٹمنٹ کے لئے حقیقی صنعت کاروں کو پلاٹ کی فراہمی کے سخت ایس او پیز بنائے جس سے بروکر کا کردار ختم ہوگیا ،ان ایس اوپیز کے تحت پلاٹ پر صنعت لگانا لازمی قرار دیاگیا اور 10سال کے لئے پلاٹ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی گئی۔