اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ ) متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار و سابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کیساتھ امن کے خواہاں ہیں،مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں،کوشش ہوگی کہ ملکی معیشت بہتر کر کے عوام کو ریلیف دے سکیں.
قومی ہم آہنگی میری پہلی ترجیح ہے اور نئی کابینہ کی تشکیل اپوزیشن رہنمائوں کی مشاورت کے ساتھ ہو گینوازشریف کیخلاف مقدمات قانون کے مطابق دیکھے جائینگے، تمام سیاسی جماعتوں کے آئین کیلئے کھڑا ہونے پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں، ملک میں نئے دور کا آغاز کرینگے اور باہمی احترام کو فروغ دینگے.
نواز شریف کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائینگے۔ان خیالات کا اظہار نے اتوار کو قومی اسمبلی میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور اپنی ایک ٹوئٹ میں کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ قومی ہم آہنگی ہماری میری پہلی ترجیح ہے اور نئی کابینہ کی تشکیل اپوزیشن رہنماوں کی مشاورت کے ساتھ ہو گی،تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ ملکی معیشت بہتر کر کے عوام کو ریلیف دے سکیں، ملک میں نئے دور کا آغاز کرینگے اور باہمی احترام کو فروغ دینگے۔
جب شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ میاں نوازشریف کب واپس آئیں گے اور انکے کیسزکا کیا بنے گا تو انہوں نے جواب دیا کہ میاں نواز شریف کے کیسز قانون کے مطابق دیکھے جائینگےاورکسی قسم کی قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی جائیگی، کوئی ایسا کام نہیں کیا جائیگا جس سے کوئی منفی تاثر جائے تاہم انصاف قائم کیا جائیگا، امن قائم کیا جائے گا اورباہمی ادب اور احترام قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا، سول سوسائٹی، وکلاء، نواز شریف ، آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمٰن سمیت قومی قیادت اور تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے آئین کے لئے کھڑے ہونے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔