• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے بیک چینل ہمیں کئی بچگانہ تجاویز بھجوائیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد، کراچی (ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ بحران کے دوران عمران خان نے بیک چینل ہمیں کئی بچگانہ تجاویز بھجوائیں، لیکن ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ہم اپنی ذات کیلئے جدوجہد نہیں کر رہے تھے، پاکستان کے تمام مسائل کا حل جمہوریت، جمہوریت اور مزید جمہوریت ہے، ہماری جماعت کی حالیہ جدوجہد کے مقاصد میں عدم اعتماد کو کامیاب بنانا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف انٹرویوز میں کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے وزیر خارجہ بنائے جانے کی تصدیق کرنے سے انکار کردیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارے مقاصد میں انتخابی اصلاحات، پاکستان میں مستحکم جمہوریت کا قیام بھی شامل ہے۔

برطانوی صحافی نے بلاول بھٹو سے استفسار کیا کہ کیا آپ پاکستان کے اگلے وزیر خارجہ بننے کی تصدیق کریں گے؟اس پر جواب دیتے ہوئے پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں پاکستان کے اگلے وزیر خارجہ بننے کی تصدیق نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہاکہ میری جدوجہد کا مقصد پاکستان میں جمہوری نظام کو مضبوط بنانا ہے، پچھلے 3 سالوں میں آئین، جمہوری نظام، انسانی حقوق، میڈیا کی آزادی کو نقصان پہنچایا گیا۔

اس سوال پر کہ جمعے کو بیک ڈور چینل چل رہے تھے اس میں آ پکا یہ پیغام بھی بھجوایا گیا خان صاحب کی جانب سے انکی جو وزراء آ ئے تھے کہ اگر شہباز شریف کا نام ہٹا دیں اور آ پ وزیر اعظم کے امیدوار ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جس بیک چینلز کی آ پ بات کر رہی ہیں ہماری طرف سے کوئی شامل نہیں تھا، وزیر اعظم صاحب کافی دن سے پیپلز پارٹی کیخلاف اس قسم کے بچکانہ غیرسیاسی تجویزیں بھیج رہے تھے لیکن ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ہم اپنی ذات کے لیے جدوجہد نہیں کر رہے تھے میں اپنے لیے نہیں پاکستان کی جمہوریت کے لیے یہ محنت کر رہا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ تجویز اس طریقے سے بالکل نہیں آ ئی جو ٹی وی اسکرین پر سامنے آ رہا تھا اسکے پیچھے ایک ہفتے سے نہیں کافی دیر سے وزیرو ں سے لیکر کہاں کہا ں تک بالکل یہ کوشش کی گئی کہ عدم اعتماد سے بچنے کے لیے خان صاحب کو کوئی این آر او یا سیو میسج دیا جائے اور یہاں ہم کوئی انتقام نہیں لینا چا رہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں جمہوریت ہی ہمارا انتقام ہے اور ہم آئین قانون اور جمہوری انداز سے پہلے بھی آ گے بڑھے تھے اور اب بھی آ گے بڑھ رہے ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید