کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کھلاڑی اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے ممنوع ادویات کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں۔ اب سات کبڈی کھلاڑیوں کے بھی مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سے قبل دو لفٹرز کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔کھلاڑیوں کے نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ لئے گئے ۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے ڈوپ ٹیسٹ کی تحقیقات کے لئے کمیٹئ تشکیل دے دی ہے۔ پانچ رکنی کمیٹی کے کنوینر محمد شفیق ہوں گے۔کمیٹی کو چالیس روز کے اندر پورٹ مرتب کرنے کا کہا گیا ہے لاہور میں جنوری میں قومی کبڈی چیمپئن شپ میں13 کھلاڑیوں کے ڈوپ سیمپل حاصل کئے گئے تھے جس پرفیڈریشن حکام کو بھاری اخراجات بھی برداشت کرنا پڑے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ان میں سے 7 کھلاڑیوں کی رپورٹ میں قوت بخش ممنوعہ ادویات کے اجزا پائے گئےہیں۔ ان کھلاڑیوں میں 4بڑے نام بھی شامل ہیں جو انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرچکےہیں۔