اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)کا صرف ایک حل ہے کہ اسے بند کرکے اس کے اہلکاروں کا احتساب کیا جائےجنہوں نے لوگوں کو لوٹا ہے اور ان کے ساتھ ظلم کیا ہے۔میڈیا سے گفتگو میںشاہد خاقان عباسی کا کہناتھاکہ میں آج بھی کہتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن)کے خلاف جو کیسز ہیں وہ چلیں اور پاکستان کی عوام کو بتایا جائے کہ کونسی کرپشن ہوئی ہے۔ساچیئرمین نیب یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور اور پچھلے سال میں کتنے سیاستدانوں کو پکڑا ہے، کیا برآمدگی ہوئی اور کون مجرم کہلایا۔انہوںنے کہاکہ چیئرمین نیب وہ آدمی ہیں جو مکمل طور پر عمران خان کے قبضے میں تھا اور ان سے ہدایات لیتا تھا۔ چیئرمین نیب عمران خان کی کرپشن پر خاموش رہے ۔ہم کسی سے کوئی انتقام نہیں لینا چاہتےمگر جو کچھ نیب میں ہوا وہ حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے ‘ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان سڑکوں پر پھرتے رہیں، ہم نے کوئی گرفتاریاں نہیں کرنی، کل سارے وزیر انہی عقوبت خانوں میں ہوں گے جہاں ہم نے وقت گزارا ہے۔