اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کیساتھ ڈیڈلاک ختم کرنے کیلئے فوج سے مدد نہیں مانگی تھی ، 3 آپشنز وزیر اعظم عمران خان نے نہیں فوج نے دیئے تھے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں شیریں مزاری نے کہا میں واضح کردوں اور ریکارڈ پر کہہ رہی ہوں کہ وزیراعظم نے ڈیڈلاک پر بریک تھرو پر مدد کیلئے فوج کو نہیں بلایا، فوج نے اس وقت کے وزیردفاع پرویز خٹک کے ذریعے ملاقات کا وقت مانگا اور وزیراعظم کے استعفے، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں حصہ لینے یا نئے انتخابات کی تین تجاویز پیش کیں، شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان استعفے کا آپشن کیوں دیتے جب وہ واضح اور مسلسل کہتے رہے تھے کہ وہ استعفیٰ کبھی نہیں دینگے اسکی سمجھ نہیں آتی۔انہوں نے تاثر کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کو بھی حکومت تبدیل کرنے کی بیرونی سازش قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا تو وہ یہ تجاویز کیوں دیتے۔