کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) چیف سلیکٹر پی ایچ ایف منظور جونیئر نے فیڈریشن کے سکریٹری اور ٹیم انتظامیہ کے رویہ پر صدر بریگیڈئیر( ر) خالد سجاد کھوکھر سے رابطہ کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہم نے مختصر وقت میں پاکستان ہاکی کو اچھے کھلاڑی تلاش کر کے دیے لیکن ایشیا کپ، دورئہ یورپ اور فائیو اے سائیڈ ورلڈ کپ کے کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب میں سلیکشن کمیٹی کو نظر انداز کیا گیا ہے، فی الحال ہمارا عہدہ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق ہیڈ کوچ سیگفیڈ ایکمین کی ہدایت پرایشیا کپ کیلئے جاری تربیتی کیمپ سے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرکے ٹیم منیجر خواجہ جنید نے چیف سلیکٹر کو ناموں کی فہرست تھمادی، جس پر انہوں نے سکریٹری آصف باجوہ کی موجودگی میں سخت تحفظات اور غصے کا اظہار کیا۔ چیف سلیکٹر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فائیو اے سائیڈ کیمپ کیلئے جن کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا انہیں کئی ایسوسی ایشنوں نے تین روز قبل اپنی ویب سائٹ پر مبارک باد دے دی تھی ۔ پچھلے ہفتے ہونے والے ٹرائلز صرف دو سلیکٹرز خالد حمید اور ناصر علی نے دیکھے۔ چیف سلیکٹر نے پی ایچ ایف کے صدرکو تمام صورت حال سے آگاہ کردیا ہے۔