پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے بخشو پل کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری سے بھاری مقدار میں مضر صحت و جعلی مصالحہ جات برآمد کرلئے، یونٹ میں مصالحہ جات کی تیاری میں چاول کے چھلکے استعمال کئے جارہے تھے۔ جس پر یونٹ کو موقع پر سیل کردیا گیا۔ کاروائی کے دوران یونٹ سے 3000کلو سے زائد ملاوٹ شدہ مصالحہ جات برآمد کیے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جعلی مصالحہ جات کو شہر کے مختلف حصوں میں سپلائی کئے جاتے تھے، ملاوٹ شدہ مصالحہ جات پر مالکان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ کے اندر صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں معیاری اشیاء خوردنوش خصوصا مصالحہ جات، مشروبات اور دودھ کا معیار یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، اور ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن میں ہزاروں کلو مضر صحت و جعلی مصالحہ جات اور ہزاروں لیٹر مضر صحت مشروبات برآمد کرکے ضبط کئے گئے ہیں، جبکہ کئی یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری بھی صحت عامہ کو یقینی بنانے میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا ساتھ دے، اور شکایت کی صورت میں اتھارٹی کے ٹال فری نمبر پر اپنی شکایات درج کروائیں۔